
ریاض: کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 30 برس کی عمر کے بعد کلب اور قومی سطح پر 500 گول مکمل کر لیے، یوں وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے اس عمر کے بعد اتنی بڑی تعداد میں گول اسکور کیے۔
یہ کارنامہ النصر کلب کی جانب سے الحزم کلب کے خلاف سعودی پرو لیگ کے مقابلے میں چار، صفر کی نمایاں کامیابی کے دوران انجام پایا، جس میں رونالڈو نے اہم کردار ادا کیا۔
کامیابی کے بعد سعودی یومِ تاسیس کی مناسبت سے رونالڈو نے روایتی سعودی لباس ”بِشت“ پہن کر جشن منایا۔ بشت کو سعودی ثقافت میں قیادت اور وقار کی علامت سمجھا جاتا ہے اور تاریخی طور پر یہ لباس پہلی سعودی ریاست کے قیام کے وقت نمایاں حیثیت اختیار کر گیا تھا۔ ان کی بشت پہنے تصویر سماجی ذرائع ابلاغ پر تیزی سے مقبول ہوئی اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ نے بھی اس منظر کو بھرپور انداز میں نمایاں کیا۔ اطلاعات کے مطابق چند ہی لمحوں میں لاکھوں افراد نے یہ تصویر دیکھی۔
ذرائع کے مطابق رونالڈو نے 30 برس کی عمر تک تقریباً 463 گول کیے تھے، جبکہ اس کے بعد مزید 500 گول کر کے انہوں نے اپنی غیر معمولی جسمانی صلاحیت اور طویل پیشہ ورانہ سفر کا ثبوت دیا۔ 41 برس کی عمر میں بھی ان کی کارکردگی نمایاں ہے۔ اس کامیابی کے بعد النصر درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔
مبصرین کے مطابق رونالڈو کی جانب سے بشت پہن کر جشن منانا سعودی ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا مؤثر ذریعہ بنا ہے۔ اس سے قبل بھی وہ روایتی سعودی لباس ’ثوب‘ میں ایک اہم تقریب میں شریک ہو چکے ہیں، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا تھا۔








