سعودی فضائی کارروائی، اماراتی ہتھیار لے جانے والے جہاز ہدف

سعودی عرب نے یمن کے ساحلی شہر المکلہ کی بندرگاہ پر فضائی کارروائی کی ہے، جس کے بارے میں سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی علیحدگی پسند گروپ جنوبی عبوری کونسل کے لیے اسلحہ پہنچانے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی۔ سعودی وزارتِ خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے حالیہ اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اماراتی جہاز سعودی اتحاد کی منظوری کے بغیر ہتھیار اور فوجی گاڑیاں لے کر المکلہ پہنچے۔
سعودی بیان کے مطابق حملہ رات کے وقت کیا گیا تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے اور اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ امارات نے ابھی تک اس حملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا، جبکہ جنوبی عبوری کونسل نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
سعودی عرب نے زور دیا ہے کہ یمن کی سلامتی اور استحکام کے لیے تمام غیر ملکی افواج کو ملک چھوڑنا چاہیے اور کسی بھی فریق کو فوجی یا مالی مدد نہیں دینی چاہیے۔









