سعودی عرب کےمفتی اعظم شیخ عبدالعزیزبن عبداللہ آل الشیخ انتقال کرگئے

0
63

ریاض: سعودی عرب کے مفتی اعظم، شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ منگل کی صبح انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی اطلاع سعودی عرب کے رائل کورٹ نے دی۔

شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کا شمار عالم اسلام کے ممتاز علماء میں ہوتا تھا۔ وہ طویل عرصے تک سعودی عرب کے مفتی اعظم کے منصب پر فائز رہے، اور سینئر علما کی کونسل کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ علاوہ ازیں، وہ حج کے خطبے جیسے اہم دینی فرائض بھی سرانجام دیتے رہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق ان کی نمازِ جنازہ منگل کے روز نمازِ عصر کے بعد ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شیخ عبدالعزیز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ عبدالعزیز کی رحلت سے سعودی عرب اور پوری مسلم دنیا ایک جید عالمِ دین اور رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔

مزید برآں، شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حکم دیا ہے کہ شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی غائبانہ نمازِ جنازہ مسجد الحرام، مسجد نبوی اور ملک بھر کی تمام مساجد میں نمازِ عصر کے بعد ادا کی جائے۔

شیخ عبدالعزیز نے سائنسی، سماجی اور دینی میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Leave a reply