سعودی عرب اور پاکستان کا دفاعی اتحاد، بھارت کا تشویشناک ردعمل

پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اسٹریٹیجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کے بعد بھارت کی جانب سے اس پیشرفت پر باضابطہ ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ بھارت اس معاہدے سے آگاہ تھا اور میڈیا رپورٹس پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی حکومت اس معاہدے کے ممکنہ علاقائی اور عالمی اثرات کا تجزیہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا، “بھارت اپنی قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔”
یاد رہے کہ حال ہی میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں اس دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے مطابق، اگر کسی ایک فریق پر بیرونی مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون میں نئے باب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو خطے میں تزویراتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ایک کوشش ہے۔









