سرکاری ملازمین کے لیے پرانا پنشن نظام دوبارہ بحال

0
237
سرکاری ملازمین کے لیے پرانا پنشن نظام دوبارہ بحال

سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے پنشن کے نظام میں تبدیلی کرتے ہوئے کنٹری بیوشن پنشن اسکیم ختم کر دی ہے اور نئے ملازمین کے لیے پرانا پنشن نظام دوبارہ بحال کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ستمبر 2024 میں سندھ کابینہ نے نئے بھرتی ہونے والے صوبائی ملازمین کے لیے سندھ ڈیفائنڈ کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم کی منظوری دی تھی، جس کے تحت سرکاری ملازمین کو پنشن اور گریجویٹی کے بجائے کنٹری بیوشن پنشن دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت ہر ملازم کو اپنی بنیادی تنخواہ کا 10 فیصد ہر ماہ جمع کرانا تھا، جبکہ حکومت اس کی بنیادی تنخواہ کا 12 فیصد جمع کراتی۔

یکم نومبر 2024 کو اس اسکیم کے نوٹیفکیشن کا باقاعدہ آغاز ہوا تھا، اور کابینہ کی جانب سے سندھ سول سرونٹ ایکٹ 1973 میں ترمیم کی منظوری دی گئی تھی۔ تاہم، 17 ستمبر 2025 کو سیکرٹری فنانس نے ایک آفس میمو جاری کیا جس میں اس اسکیم کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا اور یکم نومبر 2024 کو جاری ہونے والے میمو کو واپس لے لیا گیا۔ اس کے نتیجے میں یہ اسکیم اب ختم کر دی گئی ہے اور سرکاری ملازمین کے لیے پرانا پنشن نظام دوبارہ نافذ ہو گیا ہے۔

اس تبدیلی کے بعد صوبے میں نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کے لیے سرکاری ملازمت کے دوران پنشن اور گریجویٹی کا معمول کا نظام جاری رہے گا۔

Leave a reply