سرفراز احمد نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا

0
49
سرفراز احمد نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا

سرفراز احمد، جو پاکستان کرکٹ کے معروف وکٹ کیپر بلے باز اور سابق کپتان ہیں، نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 61 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 6164 رنز بنائے، 315 کیچز پکڑے اور 56 اسٹمپنگز کیں۔
سرفراز احمد نے پاکستان ٹیم کی قیادت میں 100 انٹرنیشنل میچز کھیلے اور انکی قیادت میں پاکستان نے 2017ء میں بھارت کیخلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی۔ انکی قیادت میں پاکستان ٹیم ٹی 20 انٹرنیشنل میں عالمی نمبر ایک پر بھی پہنچی۔ وہ پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتا۔ 2018 میں حکومت پاکستان نے انہیں ان کی نمایاں کارکردگی پر “پرائیڈ آف پرفارمنس” ایوارڈ سے نوازا۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان کے دوران سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا، اور 2006 کے انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 کی چیمپئنز ٹرافی ان کے کیریئر کے یادگار لمحات ہیں۔ انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلِ خانہ اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے خواب کی تعبیر تھی۔
اب وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے رکن ہیں اور انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ہر ممکن طریقے سے کرکٹ کی خدمت کرتے رہیں گے۔ سرفراز احمد نے نئے اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں جیسے بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہے گی اور وہ کھیل کی ترقی کے لیے اپنا حصہ دیتے رہیں گے۔

Leave a reply