
سال 2025 پاکستان میں مختلف شعبوں کے حوالے سے خاصا متحرک رہا، جہاں کھیل، سیاست، سوشل میڈیا اور معاشی معاملات مسلسل عوامی توجہ کا محور بنے رہے۔
کرکٹ سب سے زیادہ زیرِ بحث
گوگل جیمنئی کے تازہ رجحانات کے مطابق 2025 میں بھی کرکٹ نے پاکستانی سرچز پر مکمل غلبہ رکھا۔ پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 نے ریکارڈ سرچز حاصل کیں، جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز پورے ٹورنامنٹ کے دوران نمایاں رہے۔
دلچسپی کی بات یہ رہی کہ بھارت کی جیت کی صورت میں گوگل نے ایک خصوصی آتش بازی اینیمیشن شامل کی، جس نے پاکستانی صارفین کی بھی بھرپور توجہ حاصل کی۔
پی ایس ایل 10 پر بھی عوامی نظر مرکوز
پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن نے بھی سال بھر بحث کو گرمایا۔ سکیورٹی خدشات کے باعث کچھ میچز یو اے ای منتقل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں، جس کے بعد ٹورنامنٹ مسلسل خبروں میں رہا۔
اہم شخصیات میں ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد سرفہرست
مئی 2025 میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران ایئر وائس مارشل (AVM) اورنگزیب احمد اپنی مؤثر میڈیا بریفنگز کی وجہ سے نوجوانوں میں بے حد مقبول ہوئے اور گوگل پر سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی شخصیات میں شامل رہے۔
سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی مقبولیت برقرار
ٹک ٹاکرز علی خان حیدرآبادی اور ذوالقرنین سکندر اپنی ویڈیوز اور نئی ٹرینڈز کی وجہ سے سال کے بیشتر حصے میں سوشل میڈیا ٹاپ ٹرینڈز کا حصہ رہے۔
معاشی سرچز میں سولر پینلز، ڈالر اور سونا سرفہرست
معاشی صورتحال کے تناظر میں عوام نے سب سے زیادہ سولر پینلز کی قیمتیں تلاش کیں۔ خصوصاً 580 واٹ سولر پلیٹ کی گرتی ہوئی قیمتوں نے صارفین کی دلچسپی کو بڑھائے رکھا۔
اسی طرح روپے کی بے یقینی کے باعث ڈالر ریٹ اور سونے کی قیمتیں بھی روزانہ کی بنیاد پر ٹاپ سرچز میں شامل رہیں۔
سال 2025 مجموعی طور پر ایسے موضوعات سے بھرپور رہا جنہوں نے پاکستانیوں کی توجہ مسلسل اپنی جانب مبذول کیے رکھی۔









