
پاکستان فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ گھر میں پیش آنے والے ایک حادثے میں زخمی ہوگئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ منگل کی صبح اپنے گھر میں پھسل گئے جس کے باعث انہیں چوٹیں آئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل (ر) باجوہ باتھ روم میں گرنے کے نتیجے میں زخمی ہوئے اور فوری طور پر انہیں راولپنڈی کے ایک فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اطلاعات ہیں کہ گرنے سے ان کے جسم کے مختلف حصوں پر زخم آئے جبکہ سر پر چوٹ لگنے کے باعث وہ کچھ دیر کے لیے بے ہوش بھی رہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی طبی امداد کے بعد ان کی حالت میں بہتری آئی ہے اور وہ ہوش میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنے دونوں بیٹوں سے ملاقات بھی کی ہے، جو ان کی عیادت کے لیے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سابق آرمی چیف اس وقت اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔ معالجین کی ٹیم ان کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور مکمل طبی معائنے کے بعد ہی انہیں ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو نومبر 2016 میں اُس وقت کے وزیرِاعظم نواز شریف نے پاک فوج کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ بعد ازاں اگست 2019 میں اُن کی مدتِ ملازمت میں تین سال کی توسیع کی گئی۔ وہ نومبر 2022 میں چھ سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہوئے۔









