زیادہ کام کی وجہ سےملازم نے اپنی انگلیاں کاٹ دیں

ہاٹ لائن نیوز : بھارت میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص نے ضرورت سے زیادہ کام سے تنگ آکر اپنے ہاتھ کی چار انگلیاں کاٹ دیں۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں پیش آیا جہاں ایک کمپنی میں کمپیوٹر آپریٹر نے کام سے بچنے کیلیے تیز دھار چاقو سے اپنے دائیں ہاتھ کی چار انگلیاں کاٹ دیں۔
32 سالہ میور تارا پارا نےپہلےایک جھوٹی کہانی سنائی جس میں اس نے کہا کہ وہ سڑک کے کنارے بے ہوش ہو گیا تھا اور جب اسے ہوش آیا تو اسکی چار انگلیاں غائب تھیں۔
تاہم واقعے کی تحقیقات کی گئیں جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ میور نے جان بوجھ کر اپنی انگلیاں کاٹ لیں۔ میور جس کمپنی میں کام کرتا تھا وہ اسکے رشتہ دار کی تھی، وہ زیادہ کام سے تنگ آچکا تھا لیکن اپنے رشتہ داروں کو یہ بتانے کی ہمت نہیں رکھتا تھا کہ وہ اب وہاں کام نہیں کرنا چاہتا۔
تحقیقات کے بعد پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ میور نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ایک دکان سے تیز دھار چاقو خریدا تھا۔ 4 دن کے بعد وہ امرولی رنگ روڈ پر گیا اور وہاں اپنی موٹرسائیکل کھڑی کر دی۔ رات 10 بجے کے قریب اس نےاپنی 4 انگلیاں چاقو سے کاٹیں اور خون کو روکنے کیلیے کہنی کے قریب رسی باندھ دی اور انگلیاں ایک تھیلے میں ڈال کر کہیں پھینک دیں۔









