
حال ہی میں ماہرین فلکیات نے زمین کے گرد ایک نئے قدرتی سیارچے کی موجودگی کی تصدیق کی ہے، جسے غیر رسمی طور پر “منی مون” کہا جا رہا ہے۔ یہ سیارچہ، جسے 2025 PN7 کا نام دیا گیا ہے، زمین کے ساتھ ایک خاص مدار میں سورج کے گرد گردش کر رہا ہے۔
تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ یہ خلائی چٹان تقریباً 18 سے 36 میٹر چوڑی ہے اور ممکنہ طور پر گزشتہ 60 برسوں سے زمین کے ساتھ موجود ہے۔ اگر اس کا موجودہ راستہ برقرار رہا تو یہ 2083 تک زمین کے قریب رہ سکتا ہے۔
یہ جسم زمین کا مستقل چاند نہیں بلکہ ایک عارضی ساتھی ہے جو ہماری زمین کے ساتھ ساتھ سورج کا چکر لگا رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سیارچہ زمین کے حقیقی چاند کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ دوری پر موجود ہے اور زمین کی کششِ ثقل پر کوئی نمایاں اثر نہیں ڈالتا۔
ماہرین کے مطابق، اس طرح کے منی مون پہلے بھی زمین کے قریب آ چکے ہیں اور کچھ مختصر عرصے کے لیے زمین کے گرد گردش کرتے رہے ہیں۔
اس طرح کے دریافتیں نظامِ شمسی کی حرکات اور چھوٹے اجسام کی زمین کے ساتھ کشش کی پیچیدگی کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔









