
پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے بتایا ہے کہ 2026 میں ہونے والا فیفا ورلڈ کپ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہو سکتا ہے۔
سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رونالڈو نے کہا کہ اس وقت وہ 41 سال کے ہو جائیں گے اور ان کا خیال ہے کہ یہ ان کے کیریئر کا اختتام ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ فی الحال موجودہ لمحات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں لیکن جلد ریٹائرمنٹ کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی تمام توانائیاں فٹبال کے لیے صرف کر دی ہیں۔
رونالڈو نے گزشتہ 25 برسوں میں فٹبال میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور متعدد ریکارڈز قائم کیے ہیں۔ ان کے نام بین الاقوامی سطح پر سب سے زیادہ 143 گول کرنے کا ریکارڈ ہے اور وہ پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے پانچ ورلڈ کپ میں گول کیا۔
انہوں نے اپنے بیٹے کرسٹیانو جونیئر کے بارے میں بھی بات کی، جو پرتگال کی انڈر 16 ٹیم کا حصہ ہیں، اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کا بیٹا ان سے بہتر کھلاڑی بنے اور خوش رہے، بغیر کسی دباؤ کے۔
رونالڈو نے حال ہی میں سعودی عرب کے کلب ’النصر‘ کے ساتھ معاہدہ کیا، جس کے بعد وہ فٹبال کی تاریخ کے پہلے ارب پتی کھلاڑی بن گئے۔
یاد رہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں 11 جون سے شروع ہو گا اور یہ تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ ہو گا جس میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی۔









