روشنیوں سے دور، سمندر کے بیچ… دو ٹوٹے دل کیا قریب آ رہے ہیں؟

کیلیفورنیا کے شہر سانتا باربرا کے قریب حال ہی میں امریکی گلوکارہ کیٹی پیری اور کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو ایک کشتی پر وقت گزارتے دیکھا گیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان قریبی تعلقات کی قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں۔
ہفتے کے روز منظر عام پر آنے والی تصاویر میں کیٹی پیری کو سیاہ رنگ کے سوئم سوٹ جبکہ جسٹن ٹروڈو کو بغیر قمیض کے صرف جینز میں دیکھا گیا۔ دونوں کو کشتی پر ایک ساتھ خاصا قریب دیکھا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق کیٹی پیری نے اپنی نجی کشتی ایک عوامی وہیل واچنگ کشتی کے قریب روکی، جس کے بعد وہ اور ٹروڈو ایک ساتھ وقت گزارتے رہے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں کے درمیان فاصلہ بڑھ گیا ہے، اور ٹروڈو میڈیا کی توجہ سے قدرے غیر مطمئن نظر آ رہے تھے۔ تاہم، تازہ تصاویر نے ان خبروں کی نفی کرتے ہوئے دونوں کے تعلقات میں قربت کو اجاگر کیا ہے۔
یاد رہے کہ کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کو پہلی مرتبہ جولائی 2025 میں مونٹریال میں ایک ڈنر پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ ٹروڈو نے پیری کے “لائف ٹائمز” ورلڈ ٹور کے کینیڈین مرحلے میں بھی شرکت کی تھی۔
کیٹی پیری نے جون 2025 میں اداکار اورلینڈو بلوم کے ساتھ اپنی منگنی ختم کی تھی، جبکہ جسٹن ٹروڈو نے اگست 2023 میں اپنی اہلیہ صوفی گریگوار سے علیحدگی اختیار کی۔ دونوں شخصیات اپنے اپنے بچوں کے ساتھ مشترکہ والدین کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔









