
راولپنڈی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے ای چالان سسٹم فعال کر دیا گیا ہے۔ شہر بھر میں سیف سٹی منصوبے کے تحت جدید نگرانی کا نظام مکمل طور پر کام کرنا شروع ہوگیا ہے، جس کے ذریعے ٹریفک کی مختلف خلاف ورزیوں پر خودکار چالان جاری ہوں گے۔
سیف سٹی سسٹم کے تحت راولپنڈی کے 359 مقامات پر دو ہزار سے زائد کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کرتے ہیں۔ یہ کیمرے ہیلمٹ نہ پہننے، سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے، سگنل توڑنے اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔
خلاف ورزی ثابت ہونے پر ای چالان تصاویر اور کوڈ سمیت گاڑی کے مالک کے پتے پر بھیجا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس نظام سے ٹریفک کی نگرانی میں شفافیت بڑھے گی اور ٹریفک وارڈنز سڑکوں پر روانی برقرار رکھنے پر زیادہ مؤثر انداز میں توجہ دے سکیں گے۔









