راولپنڈی اور کوئٹہ میں دفعہ 144 میں توسیع، مختلف سرگرمیوں پر پابندیاں برقرار

سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر راولپنڈی اور کوئٹہ میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کر دی گئی ہے، جس کے تحت عوامی اجتماعات اور بعض دیگر سرگرمیوں پر پابندیاں برقرار رہیں گی۔
راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہر بھر میں دفعہ 144 کو مزید سات روز کے لیے بڑھا دیا گیا ہے، جو اب 7 جنوری تک نافذ العمل رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کے مطابق اس دوران جلسے، جلوس اور ریلیوں کے انعقاد پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور اسلحے کی نمائش کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، جو 31 جنوری تک برقرار رہے گی۔ صوبائی نوٹیفکیشن کے مطابق موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش، چہرہ ڈھانپنے، اور جلسہ جلوس یا ریلیاں نکالنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ کالے شیشوں والی گاڑیوں، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔









