رانچی سے دہلی جانے والی ایئر ایمبولینس جنگلاتی علاقے میں تباہ

بھارت کی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع چترا میں ایک افسوسناک فضائی حادثہ پیش آیا جہاں رانچی سے دہلی جانے والی ایک ایئر ایمبولینس گر کر تباہ ہو گئی۔ حادثے میں طیارے میں سوار تمام سات افراد جان کی بازی ہار گئے۔
حکام کے مطابق یہ طیارہ پیر کی شام رانچی سے دہلی کے لیے روانہ ہوا تھا، تاہم پرواز کے کچھ ہی دیر بعد سمیریا کے قریب ایک جنگلاتی اور پہاڑی علاقے میں حادثے کا شکار ہو گیا۔ بھارت کی مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خراب موسمی حالات اس سانحے کی ممکنہ وجہ ہو سکتے ہیں۔
چترا کی ڈپٹی کمشنر کیرتی شری نے میڈیا کو بتایا کہ طیارہ شام 7 بج کر 11 منٹ پر اڑا اور تقریباً بیس منٹ بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق اس وقت علاقے میں تیز آندھی، موسلا دھار بارش اور بجلی چمکنے کا سلسلہ جاری تھا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو پائلٹ، ایک ڈاکٹر، طبی عملے کا رکن، مریض اور اس کے دو عزیز شامل ہیں۔ پولیس اور امدادی ٹیموں نے دشوار گزار راستوں اور گھنے جنگل کے باوجود جائے وقوعہ تک رسائی حاصل کی اور تمام لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔
متوفی مریض کی شناخت 41 سالہ سنجے کمار کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع لاٹہار کے رہائشی تھے۔ وہ شدید جھلسنے کے باعث رانچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ڈاکٹروں نے ان کی نازک حالت کے پیش نظر انہیں سڑک کے بجائے فضائی ایمبولینس کے ذریعے دہلی منتقل کرنے کی تجویز دی تھی۔
مریض کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ بہتر علاج کی امید میں انہیں دہلی بھیج رہے تھے، لیکن پرواز کے کچھ ہی وقت بعد حادثے کی اطلاع مل گئی۔
ایوی ایشن حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق طیارے کے بلیک باکس کا جائزہ لے کر یہ معلوم کیا جائے گا کہ حادثہ محض خراب موسم کے باعث پیش آیا یا کسی فنی خرابی نے بھی اس میں کردار ادا کیا۔ سول ایوی ایشن کی ٹیمیں متعلقہ کمپنی کے ریکارڈ اور حفاظتی معائنے کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیں گی۔









