راشد خان دنیا کےنمبر ون ون ڈےبولر بن گئے

ابوظہبی – افغانستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر راشد خان نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں دنیا کے بہترین بولر کا اعزاز دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ تین میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد راشد خان آئی سی سی کی نئی بولنگ رینکنگ میں 710 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔
راشد خان نے سیریز میں 11 وکٹیں صرف 6.09 کی اوسط اور 2.73 کی اکانومی ریٹ کے ساتھ حاصل کیں۔ یہ سیریز افغانستان نے 0-3 سے جیت کر اپنی برتری ثابت کی۔ راشد خان اس سے قبل نومبر 2024 میں بھی عالمی نمبر ایک بولر رہ چکے ہیں۔
بیٹنگ میں ابراہیم زدران کی تاریخی پیش رفت
افغان اوپنر ابراہیم زدران نے بھی سیریز میں 213 رنز اسکور کر کے ون ڈے بیٹرز کی عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ان کی اوسط 71 رہی، اور وہ اب صرف 20 پوائنٹس سے بھارتی اوپنر شبھمن گل سے پیچھے ہیں۔ یہ کسی بھی افغان بیٹر کی اب تک کی بہترین عالمی درجہ بندی ہے۔
آل راؤنڈرز کی عالمی درجہ بندی میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی نے بنگلہ دیش کے خلاف شاندار کارکردگی کے ذریعے پہلا مقام دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے سیریز میں 7 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ 60 رنز بھی بنائے۔ وہ اس سے قبل فروری سے اگست 2025 کے دوران بھی رینکنگ میں سرفہرست رہے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں کلدیپ اور جیسوال کی ترقی
دوسری جانب بھارت کے اسپنر کلدیپ یادو نے ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں 14ویں پوزیشن حاصل کر کے اپنے کیریئر کی بہترین درجہ بندی حاصل کی ہے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں 12 وکٹیں 19.50 کی اوسط سے حاصل کیں۔
اسی سیریز میں بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال نے پہلی اننگز میں 175 رنز بنا کر بیٹرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں سے پانچویں پوزیشن حاصل کر لی۔