
بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن دیوالی کے موقع پر اپنے ملازمین کو مبینہ طور پر صرف 10 ہزار بھارتی روپے دینے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بن گئے۔
دیوالی کے موقع پر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں امیتابھ بچن کے گھر کے باہر ایک شخص ان کے ملازم سے گفتگو کرتا دکھائی دیتا ہے۔ ویڈیو میں ملازم نے بتایا کہ دیوالی بونس کے طور پر انہیں مٹھائی کے ڈبے کے ساتھ 10 ہزار روپے کیش دیے گئے ہیں۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد مختلف سوشل میڈیا صارفین نے اس رقم کو “غیر مناسب” قرار دیتے ہوئے اپنے ردِعمل کا اظہار کیا۔
کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ ایک بڑے اسٹار کی حیثیت سے امیتابھ بچن کو اپنے ملازمین کو زیادہ انعام دینا چاہیے تھا، خاص طور پر ان کے مسلسل اور طویل اوقات کار کو مدنظر رکھتے ہوئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ “دیوالی پر زیادہ تر لوگ دگنی تنخواہ یا کم از کم 20 سے 25 ہزار روپے بونس دیتے ہیں، صرف 10 ہزار دینا حیران کن ہے۔”
دوسری جانب، کچھ افراد نے اس معاملے پر محتاط رائے دیتے ہوئے کہا کہ بونس دینا ذاتی معاملہ ہے اور سوشل میڈیا پر اس کی بنیاد پر تنقید مناسب نہیں۔
فی الحال امیتابھ بچن یا ان کے اہل خانہ کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔









