
دینی مدارس کی گرانٹ تیس سے بڑھا کر سو ملین کر دی گئی
کے۔ پی۔ کے حکومت نے دینی مدارس کی گرانٹ تیس ملین سے بڑھا کر سو ملین کر دی ہے،مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں دینی مدارس کی گرانٹ میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے،انھوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ قیمتی سرمایہ ہیں۔
دینی اور عصری تعلیم کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے، طلبہ کو مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تقاضوں سے بھی ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی۔ ٹی۔ آئی کے وژن اور وزیر اعلیٰ کے پی کی قیادت میں صوبے میں دینی اور عصری تعلیم کو فروغ دیا جا رہا ہے، اور صوبائی حکومت اسکولوں کے ساتھ ساتھ مدارس پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔









