دہشت گردوں کا حملہ ناکام، بنوں اور کرک میں بھرپور جوابی کارروائی

خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور کرک میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے ناکام بناتے ہوئے مؤثر کارروائی کی۔ بنوں میں میریان تھانے اور مزنگ چوکی پر دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے دونوں حملے پسپا کر دیے۔
پولیس حکام کے مطابق میریان تھانے پر حملہ صرف 20 منٹ میں ناکام بنا دیا گیا، جبکہ مزنگ چوکی پر درجنوں دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے ایک گھنٹے تک فائرنگ کی، جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔
کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 4 زخمی ہوئے، جنہیں ان کے ساتھی فرار کروانے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے میں 3 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔
دوسری جانب کرک کے علاقے گرگری میں بھی پولیس تھانے پر حملے کی کوشش کی گئی، مگر پولیس نے دہشت گردوں کو تھانے کے قریب پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا۔ حملے کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔








