دھوکہ دہی کیس: شلپا شیٹی اور راج کندرا پر بیرون ملک سفر کی پابندی

0
65

ممبئی: معروف بھارتی اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا پر ایک مالی دھوکہ دہی کے مقدمے کے باعث ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام نے دونوں کے خلاف ‘لُک آؤٹ نوٹس’ جاری کیا ہے تاکہ تحقیقات مکمل ہونے تک وہ بھارت سے باہر نہ جا سکیں۔

یہ کارروائی ایک کاروباری شخص دیپک کوٹھاری کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے بعد کی گئی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ راج کندرا اور شلپا شیٹی نے ان کی سابق کمپنی “بیسٹ ڈیل ٹی وی پرائیویٹ لمیٹڈ” کے ذریعے تقریباً 60 کروڑ روپے کا دھوکہ دیا۔

شکایت کنندہ کے مطابق، مذکورہ جوڑے نے 2015 سے 2023 کے درمیان کاروبار کے نام پر سرمایہ لیا، لیکن بعد میں وہ رقم ذاتی اخراجات پر استعمال کی گئی۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ پہلے قرض دینے کا وعدہ کیا گیا اور پھر سرمایہ کاری پر منافع دینے کا جھانسہ دیا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ شلپا شیٹی نے 2016 میں کمپنی کے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیا، جس کے بعد کمپنی مالی بحران کا شکار ہو کر بند ہو گئی۔

ممبئی پولیس کے اکنامک آفینس ونگ (EOW) نے یہ نوٹس امیگریشن حکام کو جاری کیا ہے تاکہ راج کندرا اور شلپا شیٹی بھارت سے باہر نہ جا سکیں۔

ادھر جوڑے کے وکیل نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ معاملہ فوجداری نوعیت کا نہیں بلکہ صرف ایک پرانا کاروباری تنازعہ ہے، جو عدالت میں سول مقدمے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

Leave a reply