دھند اور آلودگی کے باعث سڑکوں پر حادثات میں اضافہ، ڈرائیورز کے لیے حفاظتی ہدایات جاری

ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند اور فضائی آلودگی نے ٹریفک نظام کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں سڑکوں پر حادثات کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ خاص طور پر صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث گاڑیوں کا آپس میں ٹکرا جانا معمول بنتا جا رہا ہے۔
ڈرائیونگ کے دوران کم دکھائی دینے کی صورتحال میں تیز رفتار گاڑیاں ڈیوائیڈرز سے ٹکرا جاتی ہیں، جبکہ پیچھے سے آنے والی گاڑیاں بروقت بریک نہ لگنے کے باعث حادثے کا شکار ہو جاتی ہیں۔ ایسے حالات میں روزانہ اسکول یا دفتر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ماہرینِ ٹریفک کے مطابق دھند میں محفوظ ڈرائیونگ کے لیے چند بنیادی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔
رفتار محدود رکھیں
دھند کے دوران گاڑی کی رفتار کم رکھنا انتہائی اہم ہے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ رفتار کو 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رکھا جائے اور اچانک تیز یا سست ہونے سے گریز کیا جائے۔
مناسب لائٹس کا استعمال کریں
ہائی بیم لائٹس دھند میں الٹا نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں کیونکہ روشنی پلٹ کر نظر کو متاثر کرتی ہے۔ اس لیے لو بیم ہیڈلائٹس یا فوگ لائٹس کا استعمال بہتر رہتا ہے، خصوصاً پیلی روشنی والی فوگ لائٹس زیادہ مؤثر سمجھی جاتی ہیں۔
گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں
کم حدِ نگاہ کے باعث سامنے والی گاڑی سے زیادہ فاصلہ رکھنا ضروری ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں بروقت ردِعمل دیا جا سکے۔ سڑک کے کنارے یا لین کی نشاندہی کرنے والی لائنوں کو رہنمائی کے طور پر استعمال کریں۔
غیر ضروری اوورٹیک سے پرہیز کریں
دھند میں اوورٹیک کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ اپنی لین میں رہیں اور صبر کا مظاہرہ کریں، کیونکہ جلد بازی جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
شیشوں کی صفائی اور توجہ برقرار رکھیں
ڈرائیونگ سے قبل گاڑی کے تمام شیشے صاف کریں، ڈی فوگر اور وائپر درست حالت میں رکھیں۔ دورانِ سفر موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں اور موسیقی کی آواز کم رکھیں تاکہ سڑک پر پوری توجہ مرکوز رہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے دھند کے موسم میں حادثات سے بچا جا سکتا ہے اور قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہے۔









