
بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی زندگی، فلمی انتخاب اور گھڑیوں سے لگاؤ کے بارے میں دلچسپ گفتگو کی۔
اداکار کے مطابق، وہ ایسی فلموں کا حصہ بنتے ہیں جو نہ صرف انہیں متاثر کریں بلکہ ناظرین کے دل میں بھی جگہ بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی فلم “گھومر” ایک بار پھر سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے، جو بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں کامیابی کے اعزاز میں کیا گیا اقدام ہے۔ ان کے بقول، “یہ ان خواتین کے لیے خراجِ تحسین ہے جنہوں نے ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔”
ابھیشیک بچن نے یہ بھی تسلیم کیا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز نے کہانی سنانے کا انداز بدل دیا ہے اور اب ہر باصلاحیت شخص کے لیے اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع موجود ہے۔ تاہم، ان کا ماننا ہے کہ بڑے پردے کا جادو کبھی ختم نہیں ہوگا۔
خاندانی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ مصروف شیڈول کے باوجود وہ ہمیشہ فیملی کے لیے وقت نکالتے ہیں۔ ان کے مطابق، “اصل خوشی یہی ہے کہ سب گھر والے ایک ساتھ بیٹھ کر کھانا کھائیں، یہی میرے لیے سب سے قیمتی لمحہ ہوتا ہے۔”
گھڑیوں کے شوق پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ دلچسپی انہیں اپنے والد امیتابھ بچن سے ملی۔ انہوں نے کہا، “میرے والد کبھی دو گھڑیاں پہنتے تھے، اب وہ نہیں پہنتے، مگر میں نے یہ روایت برقرار رکھی ہے۔ ایک گھڑی بھارتی وقت کی اور دوسری سوئس وقت کی ہوتی ہے، جو میری والدہ جیا بچن کے لیے عقیدت کی علامت ہے۔”
اداکار کے مطابق، ان کے پاس او میگا برانڈ کی 40 سے زائد گھڑیاں ہیں، جن میں سے کچھ تحفے میں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا، “میرے لیے گھڑی صرف ایک زیور نہیں بلکہ یادوں اور وقت کی قدر کی علامت ہے۔ زندگی کی اصل کامیابی یہی ہے کہ وقت کو سمجھا جائے اور اپنوں کے ساتھ گزارا جائے۔”








