دو روز میں دو میزائل لانچ، شمالی کوریا کا طاقت کا مظاہرہ

0
118
دو روز میں دو میزائل لانچ، شمالی کوریا کا طاقت کا مظاہرہ

شمالی کوریا نے دو روز کے اندر دوسرا میزائل تجربہ کر کے خطے میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھا دی ہے۔ حکام کے مطابق حالیہ لانچ کے بعد سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ کم جونگ اُن نے جدید اور مشکل سے پکڑے جانے والے ہتھیاروں کی تیاری کا عزم دہرایا ہے۔
جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق میزائل کی نوعیت اور اس کی رینج کے بارے میں فوری طور پر تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ اس سے ایک روز قبل بھی دارالحکومت پیانگ یانگ کے قریب ایک اور نامعلوم پروجیکٹائل کا تجربہ کیا گیا تھا، جس کا تجزیہ جنوبی کوریا اور امریکا کے انٹیلی جنس ادارے کر رہے ہیں۔
شمالی کوریا کا دعویٰ ہے کہ حال ہی میں ایک جدید سالڈ فیول انجن کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے، جو اس کے اسٹریٹجک فوجی پروگرام میں اہم پیش رفت ہے۔ ماہرین کے مطابق سالڈ فیول میزائلز کو حرکت دینا اور چھپانا نسبتاً آسان ہوتا ہے اور انہیں لانچ سے پہلے ایندھن بھرنے کی ضرورت نہیں پڑتی، جس سے ان کا سراغ لگانا مشکل ہو جاتا ہے۔
جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی نے عندیہ دیا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ممکنہ طور پر ایسے میزائل کی تیاری میں استعمال ہو سکتی ہے جو متعدد جوہری وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
یاد رہے کہ شمالی کوریا نے 2019 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ناکام مذاکرات کے بعد اپنے جوہری پروگرام کو تیزی سے وسعت دی ہے۔ حالیہ مہینوں میں کم جونگ اُن نے مذاکرات کی خواہش ظاہر کی ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ امریکا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کو پیشگی شرط نہ بنائے۔
تازہ میزائل تجربات نے ایک بار پھر خطے کی سیکیورٹی صورتحال کو غیر یقینی بنا دیا ہے اور عالمی برادری کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔

Leave a reply