
امریکی کمپنی ایلیف ایرو ناٹکس نے دنیا کی پہلی اڑنے والی گاڑی کی تیاری کا آغاز کر دیا ہے، جو نہ صرف سڑک پر دوڑ سکتی ہے بلکہ فضا میں بھی پرواز کر سکتی ہے۔
یہ گاڑی، جس کا نام ایلیف ماڈل اے الٹرا لائٹ ہے، صارفین کے لیے سن 2026 کے آغاز میں دستیاب ہوگی۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو، جم ڈوخوفنی کے مطابق، یہ برقی گاڑی سائنس فکشن فلموں جیسی ٹیکنالوجی کو حقیقت میں تبدیل کرے گی۔
گاڑی کو زمین پر عام کار کی طرح چلایا جا سکتا ہے اور فضا میں یہ ایک سو دس میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر سکے گی، جبکہ سڑک پر اس کی رفتار دو سو میل فی گھنٹہ ہے۔
ایلیف ماڈل کا ڈیزائن اس طرح بنایا گیا ہے کہ پرواز کے دوران گاڑی کی حرکت مستحکم رہے، اور اس کا اندرونی نظام ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ میں مدد فراہم کرتا ہے۔ پروپیلرز کی بدولت یہ بغیر پروں کے بھی ڈرون کی طرح فضائی حرکت کر سکتی ہے۔
یہ گاڑی ایک وقت میں ایک شخص کو لے جا سکتی ہے، اور نوے کلوگرام تک وزن والے مسافر کے لیے موزوں ہے۔ کمپنی کی جانب سے اس کی ابتدائی قیمت تین لاکھ امریکی ڈالر رکھی گئی ہے اور یہ فی الحال محدود صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔
ایلیف کمپنی نے پہلے پروٹوٹائپ ماڈل کی آزمائش فروری 2025 میں کی تھی، اور اب مکمل پیداوار کا آغاز کر دیا گیا ہے۔









