دنیا بھر میں رمضان شروع، مگر دو ممالک پیچھے رہ گئے! وجہ کیا بنی؟

دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز 18 اور 19 فروری سے ہو چکا ہے، تاہم فجی اور نیوزی لینڈ میں رمضان کا آغاز 20 فروری بروز جمعہ سے ہوگا۔
دونوں ممالک میں 18 فروری کی شام، جو کہ شعبان کی 29 تاریخ تھی، رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی مذہبی تنظیم فیڈریشن آف اسلامک ایسوسی ایشنز آف نیوزی لینڈ اور فجی کی تنظیم فجی مسلم لیگ نے اعلان کیا کہ 19 فروری کو شعبان کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے اور 20 فروری کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
تنظیموں کے مطابق فلکیاتی حساب سے بھی ان ممالک کے جغرافیائی محلِ وقوع کے باعث 18 فروری کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں تھا، نہ آنکھ سے اور نہ ہی دوربین کی مدد سے۔ چونکہ ان ممالک میں رمضان کے آغاز کا فیصلہ مقامی رویتِ ہلال کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، اس لیے اسی اصول کے تحت اعلان کیا گیا۔
دوسری جانب کئی ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا ہے۔ 18 فروری سے روزے رکھنے والے ممالک میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت، بحرین، قطر، افغانستان، لبنان، فلسطین اور سوڈان شامل ہیں۔
اسی طرح 19 فروری سے رمضان شروع کرنے والے ممالک میں عمان، برونائی، بھارت، پاکستان اور مصر شامل ہیں۔







