دلجیت دوسانجھ کا بھارت کو آئینہ: فنکاروں پر پابندیاں، کھیل پر خاموشی کیوں؟

0
127
دلجیت دوسانجھ کا بھارت کو آئینہ: فنکاروں پر پابندیاں، کھیل پر خاموشی کیوں؟

معروف گلوکار، اداکار اور فلم ساز دلجیت دوسانجھ نے حالیہ کنسرٹ کے دوران بھارت کے دوہرے رویے پر آواز بلند کرتے ہوئے میڈیا اور سرکاری حلقوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان کی فلم سردار جی 3 کافی پہلے مکمل کر لی گئی تھی، لیکن پاک-بھارت کشیدگی کے بعد فلم کو بلاوجہ تنازع کا نشانہ بنایا گیا۔

دلجیت نے کہا کہ فلم میں پاکستانی فنکارہ کی شمولیت پر اعتراض اٹھایا گیا، جبکہ اب دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ میچز ہو رہے ہیں اور کسی کو کوئی اعتراض نہیں۔ ان کے بقول، یہ دہرا رویہ سوالات کو جنم دیتا ہے اور فنکاروں کو غیر ضروری طور پر نشانہ بنایا جاتا ہے۔

دلجیت دوسانجھ نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے وطن کے ساتھ وفاداری نبھائی ہے اور کسی بھی قسم کی دشمنی یا نفرت انگیزی کی نہ صرف مخالفت کی ہے بلکہ اس سے ہمیشہ دور بھی رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اس وقت بھی تحمل کا مظاہرہ کیا جب ان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، حالانکہ وہ ہر سوال کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتے تھے۔

فلم سردار جی 3 کو پاکستان میں شاندار پذیرائی ملی تھی اور دلجیت کو وہاں کے شائقین کی جانب سے بے پناہ محبت ملی، جس کا انہوں نے شکریہ ادا کیا۔

دلجیت دوسانجھ ان چند فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہیں سرحد کے دونوں جانب پسند کیا جاتا ہے، اور ان کا فن سیاسی کشیدگی سے بالاتر سمجھا جاتا ہے۔

Leave a reply