
ہاٹ لائن نیوز : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر نادرا نے 10 سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے خصوصی ’’ب فارم‘‘ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خصوصی ’’ب فارم‘‘ مرحلہ وار 15 جنوری سے جاری کیا جائے گا، یہ خصوصی ’’ب فارم‘‘ محکمہ پاسپورٹ کے تعاون سے جاری کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اس سے بچوں کی شناختی معلومات کے غلط استعمال کو روکنے اور جعلی شناختی کارڈ اور غیر قانونی پاسپورٹ کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
ترجمان وزارت داخلہ کیمطابق 10 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کے فنگر پرنٹس اور تصاویر لی جائیں گی۔ اس کے لیے بچوں کے ساتھ ان کے والدین میں سے کسی ایک کا یا قانونی سرپرست، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اور یو سی کی طرف سے جاری کردہ بچے کا پیدائشی سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے، نابالغ بچوں کے نئے پاسپورٹ کے لیے نیا ”فارم“ لازمی ہوگا، اگلے مراحل میں مزید اصلاحات لائی جائیں گی۔









