دریائے چناب میں پانی کی سطح میں خطرناک اضافہ، حفاظتی اقدامات تیز کر دیے گئے

گوجرانوالہ : دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ حکام نے ممکنہ شگاف ڈالنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
حکام کے مطابق بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے سیلابی ریلے کے باعث دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ اگر پانی کا بہاؤ ساڑھے 10 لاکھ کیوسک سے تجاوز کرتا ہے تو حفاظتی شگاف ڈالنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ان کے مطابق دریائے چناب پر مرالہ اور خانکی بیراج کی مجموعی گنجائش 11 لاکھ کیوسک تک ہے۔ ممکنہ خطرات کے پیش نظر شگاف ڈالنے کے مقامات پہلے ہی طے کر لیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کر دیے ہیں۔ سیالکوٹ سے ساڑھے چار ہزار افراد، نارووال سے 200 افراد اور وزیرآباد کے چار دیہات سے تمام مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ گجرات سے بھی 15 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
کمشنر کے مطابق ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو خوراک، پینے کا پانی، ادویات اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔








