دبئی کی آبادی 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی، مستقبل میں مزید اضافے کا امکان

دبئی کی آبادی تاریخ میں پہلی بار 40 لاکھ کی حد عبور کر گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دبئی میں آبادی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو شہر کی معاشی و سماجی ترقی کا مظہر ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 1975 میں دبئی کی آبادی محض ایک لاکھ 87 ہزار تھی، جو 2011 میں 20 لاکھ تک پہنچی۔ حالیہ اعداد کے مطابق 2025 میں یہ تعداد 40 لاکھ ہو گئی ہے، اور اندازہ ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو 2032 تک آبادی 50 لاکھ اور 2039 تک 60 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق دبئی سرمایہ کاری، کاروبار، اور پیشہ ورانہ مواقع کے باعث دنیا بھر کے افراد کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث رہائش، صحت، تعلیم اور پبلک ٹرانسپورٹ جیسے شعبوں میں طلب میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آبادی میں اضافے سے مہنگائی میں بھی دباؤ آ سکتا ہے، جبکہ ٹریفک جام اور نئی رہائشی اسکیموں کی ضرورت میں اضافہ ہوگا۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے میں میٹرو بلیو لائن جیسے منصوبے اور نئے ریٹیل سیکٹرز دبئی کی شہری ضروریات کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔