دبئی میں 2026 کے استقبال کیلئے شاندار آتش بازی کا اہتمام

متحدہ عرب امارات میں نئے سال 2026 کے استقبال کیلئے بھرپور تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ دبئی انتظامیہ کے مطابق سالِ نو کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے شہر بھر میں شاندار آتش بازی کا انعقاد کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دبئی میں مجموعی طور پر 40 مختلف مقامات پر آتش بازی کے مناظر دیکھنے کو ملیں گے۔ نمایاں مقامات میں برج خلیفہ، دبئی فریم، دی ورلڈ آئی لینڈز اور دبئی فیسٹیول سٹی شامل ہیں جہاں رنگا رنگ آتش بازی سے آسمان جگمگا اٹھے گا۔
اس کے علاوہ برج العرب، پام جمیرا، دبئی کریک، گلوبل ولیج، السیف، حتہ اور بلیو واٹر جیسے مقامات پر بھی خصوصی آتش بازی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
دوسری جانب امارات کے دیگر شہروں میں بھی نئے سال کا جشن بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ ابوظبی، شارجہ اور راس الخیمہ میں 10 سے زائد مقامات پر آتش بازی کے شاندار مظاہرے ہوں گے۔
انتظامیہ کے مطابق عوام کی سہولت اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔









