خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کے لیے بلاسود قرضوں کا اعلان

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے سرکاری ملازمین کو مالی سہولت فراہم کرنے کے لیے بلاسود قرضے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملازمین کی فلاح و بہبود اور رہائشی مسائل میں کمی لانا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، گریڈ 1 سے 17 تک کے ملازمین کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ اس اسکیم کے تحت سیکرٹریٹ ملازمین کے لیے 10 کروڑ روپے جبکہ دیگر صوبائی محکموں کے ملازمین کے لیے 24 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ملازمین کو ذاتی گاڑی کے لیے 2 لاکھ روپے اور گھر کی تعمیر کے لیے ڈھائی لاکھ روپے تک ایڈوانس دیا جائے گا۔ مجموعی طور پر اس اسکیم کے لیے موجودہ مالی سال کے بجٹ میں 34 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔
حکومتی اقدام سے ہزاروں ملازمین کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے، جس سے ان کی روزمرہ زندگی میں مالی آسانی پیدا ہو سکے گی۔