خواجہ سراؤں کی اجتماعی خودکشی کی کوشش، پولیس رویے پر احتجاج

مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں خواجہ سرا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے درجنوں افراد نے مبینہ طور پر پولیس کے رویے کے خلاف بطور احتجاج زہریلا مادہ پی لیا۔ واقعہ ایک خواجہ سرا کے ساتھ جنسی زیادتی کے مقدمے پر کارروائی نہ ہونے کے خلاف پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق، تقریباً 24 خواجہ سراؤں نے ایک جگہ جمع ہو کر زہریلا مادہ پینے کی کوشش کی۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں متاثرین کو خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
تمام افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جن افراد پر زیادتی کا الزام ہے، ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ دوسری جانب، واقعے کے بعد مختلف شہروں میں خواجہ سرا برادری نے مظاہرے کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔









