خلیجی ممالک میں بھارتی فلم ’’دھریندر‘‘ کی نمائش پر پابندی

0
108
خلیجی ممالک میں بھارتی فلم ’’دھریندر‘‘ کی نمائش پر پابندی

بالی ووڈ کی نئی ایکشن تھرلر فلم ’’دھریندر‘‘ کو خلیجی تعاون کونسل کے تمام رکن ممالک میں سینما گھروں میں دکھانے سے روک دیا گیا ہے۔ خلیجی سنسر بورڈز نے فلم میں شامل ایسے مناظر اور موضوعات پر اعتراض اٹھایا ہے جنہیں پاکستان مخالف اور سیاسی طور پر حساس قرار دیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، بحرین، عمان اور کویت نے فلم کی ریلیز کی منظوری دینے سے انکار کر دیا۔ خطے میں بڑی پاکستانی کمیونٹی کی موجودگی اور پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کی وجہ سے ان ممالک میں ایسے مواد کی سخت جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔ اس سے قبل بھی کئی بالی ووڈ فلمیں حساس مواد کے باعث پابندی یا تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔

ہدایت کار آدتیہ دھر کی اس فلم میں رنویر سنگھ، اکشے کھنہ، سنجے دت، آر مادھون اور ارجن رامپال نے اہم کردار نبھائے ہیں۔ کہانی میں 1999 کے طیارہ اغوا، 2014 کے پارلیمنٹ حملے اور دیگر واقعات سے متاثر عناصر شامل کیے گئے ہیں، جن میں کچھ کرداروں کو پاکستانی انڈر ورلڈ سے جوڑا گیا ہے۔ یہی نکات خلیجی بورڈز کے لیے قابلِ اعتراض ثابت ہوئے۔

فلم 5 دسمبر 2025 کو ریلیز ہوئی اور بھارت میں پہلے چھ دنوں میں مجموعی طور پر 188.60 کروڑ جبکہ بیرونِ ملک چار دنوں میں 44.08 کروڑ روپے کما چکی ہے۔ تاہم خلیجی مارکیٹ میں پابندی کے بعد ماہرین کا خیال ہے کہ مجموعی بزنس پر نمایاں اثر پڑ سکتا ہے، کیونکہ یہ خطہ بالی ووڈ فلموں کے لیے ایک بڑی اور پُرکشش مارکیٹ سمجھا جاتا ہے۔

Leave a reply