خاتون کی حاضر دماغی نے ڈاکوؤں کے منصوبے ناکام بنا دیے

0
45

بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ میں ایک خاتون کی جرأت اور حاضر دماغی نے مسلح ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے، جس میں خاتون کو آٹو رکشے سے لٹکتے اور مدد کی اپیل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، 32 سالہ مینا کماری گاؤں جانے کے لیے ایک آٹو رکشے میں سوار ہوئیں۔ رکشے میں پہلے سے موجود تین افراد—جن میں سے ایک ڈرائیور اور دو مسافر شامل تھے—نے خواتین کا بھیس اپنا رکھا تھا۔ کچھ دیر بعد انہوں نے مینا کے ہاتھ باندھ کر تیز دھار ہتھیار کے زور پر اسے لوٹنے کی کوشش کی۔

واقعہ لدھیانہ بائی پاس کے قریب پیش آیا، جہاں مینا کماری نے خوف زدہ ہونے کے بجائے جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے رکشے کے کھلے حصے سے باہر لٹک کر راہگیروں سے مدد مانگی۔ ان کی چیخ و پکار سن کر قریبی افراد نے دو ملزمان کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ ایک ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

خاتون کی حاضر دماغی کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے، اور اسے بہادری کی ایک قابل تقلید مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a reply