حیدرآباد فرنچائز نے صائم ایوب کو سب سے مہنگا پاکستانی کھلاڑی بنا دیا

0
40
حیدرآباد فرنچائز نے صائم ایوب کو سب سے مہنگا پاکستانی کھلاڑی بنا دیا

پاکستان سپر لیگ 2026 کے لیے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا عمل زور و شور سے جاری ہے اور سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن سے قبل ایک بڑی پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ نوجوان آل راؤنڈر صائم ایوب نے اس مرحلے پر ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا ہے۔
پشاور زلمی سے علیحدگی کے بعد حیدرآباد فرنچائز نے صائم ایوب کو 12 کروڑ 60 لاکھ روپے کی خطیر رقم میں اپنی ٹیم کا حصہ برقرار رکھا، جس کے بعد وہ پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس معاہدے کے ساتھ انہوں نے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے اسٹار کھلاڑیوں کو بھی معاوضے کے لحاظ سے پیچھے چھوڑ دیا۔
صائم ایوب اس وقت مردوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آل راؤنڈرز کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ہیں، جس کی بدولت تقریباً تمام فرنچائزز ان میں گہری دلچسپی رکھتی تھیں۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو ان سے زیادہ قیمت صرف آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو سمتھ کو ملی، جنہیں سیاہلکوٹ اسٹالیئنز نے 14 کروڑ روپے میں سائن کیا۔
حیدرآباد کی ٹیم نے فاسٹ باؤلر عثمان خان کو بھی برقرار رکھا، جن پر 4 کروڑ 62 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔ اسی طرح ایمرجنگ کیٹیگری میں معاذ صداقت کو 3 کروڑ 50 لاکھ جبکہ گولڈ کیٹیگری میں عاکف جاوید کو 1 کروڑ 96 لاکھ روپے میں شامل کیا گیا ہے۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کی مہنگی ری ٹینشن نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہے بلکہ اس سے لیگ میں مقابلے کا معیار مزید بلند ہونے کی توقع ہے۔ حیدرآباد فرنچائز نے واضح کر دیا ہے کہ وہ آئندہ سیزن میں مضبوط اسکواڈ کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے پرعزم ہے۔
مجموعی طور پر یہ ری ٹینشنز پاکستان سپر لیگ میں مالی وسعت، مارکیٹنگ ویلیو اور کھلاڑیوں کے معاوضوں کے حوالے سے نئے رجحانات اور ریکارڈز کی عکاسی کر رہی ہیں۔

Leave a reply