
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گیس کنکشنز کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ان صارفین کے لیے سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے پہلے ہی گیس ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کر رکھی ہے۔
وزارت پیٹرولیم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق، ایسے صارفین اب معمولی فرق کی رقم اور سکیورٹی فیس ادا کر کے ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کنکشن حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم، علی پرویز ملک کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا، جس میں ملک بھر میں گھریلو سطح پر آر ایل این جی کنکشنز کی فراہمی کا جامع جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کے سربراہان نے کنکشن فراہمی کے اس نئے طریقہ کار پر عمل درآمد کے لیے تفصیلی حکمت عملی بھی پیش کی، تاکہ صارفین کو جلد از جلد سہولت فراہم کی جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام گھریلو صارفین کو درپیش توانائی مسائل کے حل کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے، جو مستقبل میں گیس کی فراہمی کو مزید منظم بنانے میں مدد دے گا۔