
اسلام آباد: حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت تجارت اس حوالے سے ایک سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو ارسال کرے گی تاکہ پابندی کے خاتمے کی باضابطہ منظوری لی جا سکے۔
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں سونے کی درآمد اور برآمد پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ یہ فیصلہ اس وقت سونے کی اسمگلنگ کی شکایات کے پیش نظر کیا گیا تھا۔ تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں اسمگلنگ سے متعلق کوئی نئی شکایات موصول نہیں ہوئیں۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ تجارت کے فروغ اور ریگولیٹڈ طریقے سے سونے کے لین دین کو بحال کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے۔









