حکومت کا بجلی صارفین کو مزید ریلیف دینے کا اعلان

0
80
حکومت کا بجلی صارفین کو مزید ریلیف دینے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کو ایک اور ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے آئی ایم ایف کی شرط کے تحت کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی عائد کرنے کے اقدام سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
حکومتی منصوبے کے مطابق کیپٹو پاور لیوی سے حاصل ہونے والی رقم کو ماہانہ بنیادوں پر بجلی کے نرخ کم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے لیوی کی شرح میں اضافہ ہوگا، بجلی صارفین کو دیے جانے والے ریلیف میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
وفاقی کابینہ نے کیپٹو پاور لیوی سے حاصل ہونے والا فائدہ بجلی صارفین تک منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق لیوی کی مد میں جمع ہونے والی رقم کا فائدہ ہر دو ماہ بعد صارفین کو دیا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے کیپٹو پاور پلانٹس پر مرحلہ وار 20 فیصد تک لیوی عائد کرنے کا قانون نافذ کر دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں فوری طور پر 5 فیصد لیوی لاگو کی گئی ہے۔ دوسرے مرحلے میں یہ شرح 10 فیصد ہو گی، فروری 2026 میں 15 فیصد جبکہ اگست 2026 میں لیوی بڑھا کر 20 فیصد کر دی جائے گی۔
لیوی سے حاصل ہونے والی رقم پاور سیکٹر کے تمام زمروں کے بجلی صارفین کے لیے ٹیرف میں کمی کے لیے استعمال کی جائے گی۔ لیوی ادا نہ کرنے کی صورت میں کیپٹو پاور پلانٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ مسلسل نادہندگی پر متعلقہ پلانٹ کو گیس کی فراہمی بند کر دی جائے گی۔
ہر کیپٹو پاور پلانٹ گیس یا ایل این جی کے استعمال پر وفاقی حکومت کو مقررہ لیوی ادا کرنے کا پابند ہوگا۔

Leave a reply