
حکومتِ پاکستان نے 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے نئی مجوزہ ٹائم لائن جاری کر دی ہے۔ ابتدائی منصوبہ بندی کے مطابق یہ عمل دسمبر 2025 میں ہونا تھا، مگر اب تجویز ہے کہ نیلامی کو 2026 کی پہلی سہ ماہی، یعنی جنوری سے مارچ کے درمیان منعقد کیا جائے۔
فریکوئنسی الاٹمنٹ بورڈ کے مطابق کل 606 میگا ہرٹز اسپیکٹرم چھ مختلف بینڈز—700، 1800، 2100، 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز—میں دستیاب ہوگا۔ اس حوالے سے پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب امریکی کنسلٹنسی فرم نیرا نے سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کے سامنے اپنی جامع رپورٹ پیش کی، جس میں مارکیٹ کی تیاری، قیمتوں کا تجزیہ، نیلامی کا طریقہ کار اور لائسنسنگ سے متعلق مختلف تجاویز شامل تھیں۔
ایڈوائزری کمیٹی اپنی حتمی سفارشات جلد اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کو بھیجے گی، جس کے بعد وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام نیلامی کے لیے باضابطہ پالیسی گائیڈ لائنز جاری کرے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 5 جی کے آغاز سے ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ، مضبوط کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل معیشت میں قابلِ ذکر اضافہ متوقع ہے۔









