حکومت نے قانونی پیٹرول پمپس کی شناخت کے لیے موبائل ایپ “راہگزر” متعارف کروا دی

0
107
حکومت نے قانونی پیٹرول پمپس کی شناخت کے لیے موبائل ایپ "راہگزر" متعارف کروا دی

حکومت نے پیٹرولیم شعبے میں شفافیت اور بہتری کے اقدامات کو تیز کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے جدید اصلاحات پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق غیر قانونی فیول سپلائی اور اسمگلنگ کے سدباب کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں قانونی پیٹرول پمپس سے متعلق درست معلومات فراہم کرنے کے لیے “راہگزر” موبائل ایپ لانچ کی گئی ہے، جس کے ذریعے صارفین منظور شدہ اور رجسٹرڈ فیول پمپس آسانی سے شناخت کر سکیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اوگرا اور پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے فیول ٹینکرز، ٹرمینلز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک مربوط ڈیجیٹل نیٹ ورک تیار کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت پیٹرول پمپس پر خودکار ٹینک گیجز اور ڈیجیٹل نوزلز نصب کیے جائیں گے تاکہ مقدار اور معیار کی نگرانی ممکن ہو سکے۔
اسی طرح، ڈی جی پی سی تیل و گیس بلاکس کی بولی کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے نیا آن لائن پورٹل متعارف کرایا جائے گا، جس سے ایکسپلوریشن اور پروڈکشن بلاکس کی بولی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو جائے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن نے مزید کہا کہ دھماکہ خیز مواد کی نگرانی کے لیے ایکسپلوسیوز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم بھی فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت سپلائی چین کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اس منصوبے کے دو مراحل کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔
غیر قانونی پیٹرولیم مصنوعات کے خلاف کارروائی کو مؤثر بنانے کے لیے ایکٹ 1934 میں ترامیم کی گئی ہیں، جن کے تحت غیر قانونی فروخت اور ترسیل پر بھاری جرمانے اور ضبطی کی شقیں شامل کی گئی ہیں۔

Leave a reply