حماس کا عالمی برادری سے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ

غزہ: فلسطینی تنظیم حماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کے لیے دباؤ ڈالے۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم کے مطابق، جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزیاں جاری ہیں جن کے نتیجے میں اب تک 90 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی اقدامات میں رفح بارڈر کی بندش اور انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں شامل ہیں، جو جنگ بندی معاہدے کی روح کے منافی ہیں۔
حازم قاسم نے کہا کہ حماس غزہ امن معاہدے کے نفاذ اور اس کی کامیابی کے لیے پُرعزم ہے، اور تنظیم کو مصر، قطر اور ترکیے کی جانب سے واضح ضمانتیں حاصل ہیں، جب کہ امریکا نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم نہ کرنے کے مؤقف کو حماس ایک مثبت پیش رفت سمجھتی ہے۔
ترجمان کے مطابق، حماس نے امن معاہدے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے زندہ یرغمالیوں اور متعدد لاشوں کو اسرائیل کے حوالے کیا۔








