
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے جمعتہ الوداع کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور بڑے اجتماعات کی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ جمعہ کی نماز اور دیگر مذہبی اجتماعات کے دوران مکمل الرٹ رہیں اور اضافی اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
وزیر داخلہ نے خاص طور پر حساس علاقوں میں خصوصی سیکیورٹی پلان نافذ کرنے، داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی رکھنے اور مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی بھی تاکید کی۔
اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس کو ہدایت دی گئی کہ شہریوں کی سہولت کے لیے مؤثر ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے تاکہ آمد و رفت میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔
ضیاء الحسن لنجار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک شخص یا چیز کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ سیکیورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے جمعتہ الوداع کے موقع پر علماء کرام سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے خطبات میں امن، برداشت اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دیں تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔








