جعلی کنسٹرکشن کمپنی کے ذریعے اربوں کی ہیرا پھیری، نیب نے مرکزی کردار دھر لیا

0
101
جعلی کنسٹرکشن کمپنی کے ذریعے اربوں کی ہیرا پھیری، نیب نے مرکزی کردار دھر لیا

پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث شخص کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے جعلی کمپنی کے ذریعے اربوں روپے کی رقم سرکاری خزانے سے حاصل کی۔

حکام کے مطابق گرفتار شخص نے “ممتاز خان کنسٹرکشن کمپنی” کے نام سے ایک غیر حقیقی کمپنی قائم کی تھی، جس کے ذریعے مبینہ طور پر سرکاری فنڈز سے 3 ارب روپے سے زائد رقم نکلوائی گئی، جبکہ مختلف بینک کھاتوں میں 16 ارب روپے سے زائد کی مالی لین دین کی گئی۔

نیب کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم ماضی میں ایک ڈمپر ڈرائیور تھا، تاہم وقت کے ساتھ اس نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر مالی بے ضابطگیوں کا نیٹ ورک قائم کیا۔

ذرائع کے مطابق رقم ٹھیکیداروں کے سکیورٹی ڈپازٹس کے سرکاری اکاؤنٹ سے نکالی گئی، جو عام طور پر سرکاری منصوبوں کی ضمانت کے طور پر جمع کی جاتی ہے۔

نیب نے ملزم کو ایبٹ آباد سے گرفتار کرنے کے بعد پشاور کی احتساب عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے مزید تفتیش کی اجازت دے دی۔

نیب کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری تحقیقات میں اہم پیش رفت ہے اور مزید ملزمان کی نشاندہی کا امکان ہے۔

Leave a reply