جاپان : سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، مکانوں کی چھتیں اڑگئیں

جاپان کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں ایک طاقتور سمندری طوفان نے شدید تباہی مچائی ہے۔ اطلاعات کے مطابق طوفان کے ساتھ چلنے والی انتہائی تیز ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں، گاڑیاں الٹ گئیں اور درجنوں عمارتیں نقصان کا شکار ہوئیں۔
حکام کے مطابق طوفان سے اب تک کم از کم 24 افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 220 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔
شدید طوفان کے پیش نظر ملک کے مختلف حصوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور بعض مقامات پر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جو براہ راست طوفان کی زد میں آ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق طوفان کا مرکز جاپان کے مغربی علاقوں سے ہوتا ہوا دارالحکومت ٹوکیو کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے باعث آئندہ چند دنوں میں مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔