
ڈبلیو ڈبلیو ای کے مشہور سپر اسٹار اور عالمی شہرت یافتہ ریسلر جان سینا نے اپنے کیریئر کے اختتامی لمحات کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی ہے کہ وہ 2025 کے اختتام تک ریسلنگ کو مکمل طور پر خیرباد کہہ دیں گے۔
یہ اعلان انہوں نے 2024 میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں منعقدہ “منی ان دی بینک” ایونٹ کے دوران کیا تھا، جہاں انہوں نے اپنے ریٹائرمنٹ ٹور کا بھی عندیہ دیا تھا۔
اب اطلاعات کے مطابق، جان سینا کا آخری میچ 13 دسمبر 2025 کو متوقع ہے۔ یہ مقابلہ امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہونے والے “Saturday Night’s Main Event” میں ہوگا۔ اگرچہ ان کے آخری حریف کا نام تاحال سامنے نہیں آیا، تاہم مداحوں کو اس یادگار لمحے کا شدت سے انتظار ہے۔
جان سینا نے نہ صرف ریسلنگ رنگ میں اپنی صلاحیتوں سے کروڑوں دل جیتے، بلکہ فلمی دنیا میں بھی اپنی پہچان بنائی۔ ان کی ریسلنگ سے رخصتی ایک دور کے اختتام کی علامت ہوگی۔









