جاتے جاتے بڑا وار! محمد یونس کا بھارت کو سخت پیغام

0
20
جاتے جاتے بڑا وار! محمد یونس کا بھارت کو سخت پیغام

بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے اپنی اختتامی تقریر میں علاقائی معاشی روابط اور خارجہ پالیسی کے حوالے سے اہم نکات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش خطے میں معاشی تعاون کا نیا مرکز بن سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق تقریباً 25 منٹ طویل خطاب میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اپنے کھلے سمندری راستوں کے ذریعے جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک اور خطوں کو تجارتی و معاشی مواقع فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر شمال مشرقی بھارت کی سات ریاستوں، جنہیں عمومی طور پر ’سات بہنیں‘ کہا جاتا ہے، کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ سمندر تک براہ راست رسائی نہ ہونے کے باعث تجارتی چیلنجز کا سامنا کرتا ہے۔
محمد یونس نے کہا کہ بنگلہ دیش نہ صرف ان ریاستوں بلکہ نیپال اور بھوٹان کے لیے بھی معاشی سرگرمیوں کے نئے دروازے کھول سکتا ہے۔ ان کے مطابق بنگلہ دیش کے سمندری راستے پورے خطے کے لیے عالمی منڈیوں تک رسائی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے اپنی تقریر میں چین کے ساتھ تعلقات کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ خطے میں اسٹریٹجک توازن اور باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ بیان علاقائی سفارتی تناظر میں اہمیت کا حامل ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی محمد یونس خطے میں معاشی روابط اور علاقائی تعاون کے حوالے سے اسی نوعیت کے خیالات کا اظہار کرتے رہے ہیں، جن پر بھارت میں بعض حلقوں کی جانب سے تنقید سامنے آتی رہی ہے۔ تاہم اس حالیہ بیان پر تاحال بھارتی حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
محمد یونس نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ بنگلہ دیش آزادانہ اور خودمختار خارجہ پالیسی پر عمل پیرا رہے گا اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کو ترجیح دے گا۔

Leave a reply