جائیداد بچوں کے نام کرنا میری سب سے بڑی غلطی تھی، ترنم ناز

0
111
جائیداد بچوں کے نام کرنا میری سب سے بڑی غلطی تھی، ترنم ناز

پاکستان کی معروف کلاسیکل گلوکارہ اور غزل گو ترنم ناز نے حالیہ گفتگو میں اپنی زندگی کے ایک اہم فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنی منفرد آواز، پی ٹی وی کے یادگار کلاسیکل گیتوں اور ملکہ ترنم نورجہاں سے فنی مماثلت کے باعث پہچانی جانے والی ترنم ناز طویل عرصے بعد ایک نجی ٹی وی پروگرام میں جلوہ گر ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے فنی سفر کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی کے ایک نازک پہلو پر بھی کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران میزبان کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی محنت سے ایک گھر تعمیر کیا اور بچوں کو کم عمر سمجھتے ہوئے اسے ان کے نام منتقل کر دیا، اس خیال کے تحت کہ یہ ان کے اپنے بچے ہیں اور مستقبل میں کسی لالچ کا امکان نہیں ہوگا۔
تاہم ان کے مطابق، وقت کے ساتھ حالات بدل گئے۔ بچوں کی شادیوں کے بعد جائیداد کی تقسیم کا مطالبہ سامنے آیا، جو انہیں قانونی طور پر پورا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بچے آج بھی ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں، لیکن والدین کی حیثیت اس وقت مختلف ہو جاتی ہے جب جائیداد ان کے اپنے نام نہ رہے۔
ترنم ناز کا کہنا تھا کہ اب انہیں یہ فیصلہ اپنی زندگی کی بڑی غلطی محسوس ہوتا ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ کاش انہوں نے اس معاملے میں مختلف قدم اٹھایا ہوتا۔
واضح رہے کہ ترنم ناز نے کلاسیکی موسیقی کی تربیت استاد عاشق حسین سے حاصل کی، جبکہ ملکہ ترنم نورجہاں کی سرپرستی میں بھی اپنے فن کو جِلا بخشی۔ موسیقی کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغۂ حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

Leave a reply