
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد برنٹ کروڈ آئل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی سطح سے اوپر چلی گئی ہے۔
منگل کی صبح ایشیائی مارکیٹ میں برنٹ کروڈ آئل تقریباً 103.69 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سیشن کے مقابلے میں تین اعشاریہ 75 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی طرح نائمیکس لائٹ سویٹ آئل کی قیمت بھی بڑھ کر 91.55 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، جس میں تین اعشاریہ 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ اضافہ اس کمی کے بعد سامنے آیا ہے جو پیر کے روز دیکھنے میں آئی تھی، جب قیمتوں میں 10 فیصد سے زیادہ کی گراوٹ ہوئی تھی۔ اس گراوٹ کی ایک بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی مؤخر کرنے کا اعلان تھا، جس سے وقتی طور پر عالمی مارکیٹ میں سکون پیدا ہوا۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی سطح پر تیل کی طلب میں اضافہ اب بھی مارکیٹ پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ اسی باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔









