تہران میں دھماکے: اسرائیل نے ایران پر حملے کی تصدیق کر دی

ایران کے دارالحکومت تہران میں آج زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور مختلف علاقوں سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق تہران کے یونیورسٹی روڈ اور جمہوری علاقے میں میزائل گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران میں تین مختلف مقامات پر دھماکے ہوئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے تسلسل نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔
ابھی تک دھماکوں کے نقصانات اور نوعیت کے بارے میں حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع عزرائیل کاٹز نے حملے کی تصدیق کی ہے، تاہم اہداف یا وجوہات کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ حملہ اسرائیل اور امریکا کا مشترکہ کارروائی تھا۔
حملے کے فوری بعد اسرائیل میں خطرے کے سائرن بجنے کی اطلاعات ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممکنہ جوابی کارروائی کا خدشہ موجود ہے۔
ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کے لیے سفارتخانے نے ہدایت جاری کی ہے کہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کیا جائے۔









