تھائی لینڈ: تابوت میں پڑی خاتون زندہ نکلی، آخری رسومات کے دوران حیران کن واقعہ

تھائی لینڈ کے صوبہ نونتھابوری میں ایک 65 سالہ خاتون کی آخری رسومات کے دوران غیر معمولی واقعہ پیش آیا۔ خاتون کی موت کی وجہ دماغی کینسر اور کم بلڈ شوگر (ہائپوگلیسیمیا) بتائی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق، مندر میں خاتون کے تابوت سے اچانک آواز سنائی دی۔ تابوت کھولنے پر معلوم ہوا کہ وہ زندہ ہیں، جس سے وہاں موجود افراد حیران رہ گئے۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں خاتون کو تابوت میں حرکت کرتے اور سانس لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔
حیران کن واقعے کے بعد خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ وہ زندہ ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کم بلڈ شوگر کی وجہ سے خاتون عارضی طور پر حرکت نہیں کر پا رہی تھیں، لیکن اب وہ نگرانی میں ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے۔









